بنگلورو۔23/دسمبر(ایس او نیوز) شہر کے لینڈ ایکویزیشن آفیسر بھیما نائک جس کو اس کے ڈرائیور رمیش گوڈا کی خود کشی کے کیس میں گرفتار کیاگیا ہے، اس کی پولیس تحویل میں 4 جنوری تک کی توسیع کی گئی ہے۔آج ملزم بھیما نائک کو منڈیا کی جے ایم ایف سی عدالت میں پیش کیاگیا۔اس کے ساتھ اس کا نجی ڈرائیور محمود بھی موجود تھا۔عدالت نے دونوں ملزمین کی عدالتی تحویل میں 4جنوری تک کی توسیع کا حکم سنایا۔ یاد رہے کہ بھیما نائک کے سرکاری ڈرائیور رمیش گوڈا نے حال ہی میں خود کشی کرلی۔خود کشی سے قبل لکھے گئے ڈیٹ نوٹ میں اس نے الزام لگایاتھاکہ بھیما نائک نے کروڑوں روپیوں کی ہیرا پھیری کی ہے اور سابق وزیر جناردھن ریڈی کی دختر کی شادی کیلئے سو کروڑ روپیوں کے پرانے نوٹوں کو نئے میں تبدیل کیا تھا، اس کے بعد رکن پارلیمان سری راملو کے کالے دھن کو بھی سفید میں تبدیل کرنے میں بھیما نائک نے اہم کردار ادا کیا ہے۔جانچ کیلئے ریاستی حکومت نے بھیما نائک کو پہلے ہی معطل کردیا اور معاملہ سی آئی ڈی کے سپرد کردیاہے۔آج سی آئی ڈی افسران بھیما نائک کے ساتھ منڈیا کی جے ایم ایف سی عدالت پہنچے اور اسے جج کے سامنے حاضر کیا۔ جج ٹی ایم پرکاش نے اس سلسلے میں وکیلوں کے دلائل کو سننے کے بعد 4جنوری تک ملزمین کو عدالتی تحویل میں دینے کا فیصلہ سنایا۔